سیاسیات- امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین جنگ میں شمالی کوریا خفیہ طور پر روس کو آرٹلری گولے فراہم کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکہ کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے شمالی کوریا اور روس کے گٹھ جوڑ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک یوکرین میں تباہی کے ذمہ دار ہیں۔
جان کربی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں ترسیل کی آڑ میں روس کو گولہ بارود کی بڑی تعداد فراہم کر رہا ہے۔ ہم اس پورے روٹ کی ہر وقت نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان قومی سلامتی سے جب یہ پوچھا گیا کہ گولہ بارود روس نے موصول کرلیا اور یوکرین پر استعمال بھی ہو رہا ہے تو جان کربی نے جواب دیا کہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
دوسری جانب روس نے امریکی الزام کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکہ نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ روس کو خودکش بمبار ڈرونز فراہم کر رہا ہے جو یوکرین پر استعمال بھی ہوئے۔ امریکہ نے ڈرونز کے ملبے کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
رواں برس فروری میں روس نے یوکرین پر حملہ کردیا تھا اور چار علاقوں کو فتح کرکے ریفرنڈم کرایا جس کے نتیجے میں ان چاروں یوکرینی علاقوں کا اپنے ساتھ الحاق کرلیا۔
یوکرین کی جانب سے روس کے خلاف شدید مزاحمت بھی کی جارہی ہے اور مقبوضہ چاروں علاقوں کو حاصل کرنے کے لیے پیش قدمی بھی کی گئی جس کے جواب میں صدر پوٹن نے ان چاروں علاقوں میں مارشل لا نافذ کردیا۔