سیاسیات- سابق صیہونی وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ نتین یاہو سے بات چیت کے لئے تیار ہے، لیکن نتین یاہو صیہونی تاریخ کا ناقابل اعتماد ترین شخص ہے۔ عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، سابق اسرائیلی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر “یائیر لپیڈ” نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے نتین یاہو کو دھوکے باز شخص قرار دیا۔ یائیر لپیڈ نے کہا کہ وہ عدالتی اصلاحات کے متنازعہ منصوبے پر بنیامین نتین یاہو سے بات کرنے کو تیار ہیں، لیکن وہ قابل اعتماد شخص نہیں ہے۔ یائیر لپیڈ نے مزید کہا کہ میں اسرائیلی صدر کو مذاکرات کے لیے میکنزم بنانے کی دعوت دیتا ہوں۔ تمام اسرائیلی انہیں ایک مناسب ثالث کے طور پر دیکھتے ہیں۔ صیہونی اپوزیشن لیڈر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نتین یاہو نے اب وہ اقدامات انجام دیئے ہیں، جن کا مظاہرین دو ماہ سے مطالبہ کر رہے ہیں۔
یائیر لپیڈ کا اشارہ تین روز قبل نتین یاہو کی جانب سے عدالتی اصلاحات کے التواء کے فیصلے کی طرف تھا۔ واضح رہے کہ نتین یاہو نے یہ فیصلہ اپوزیشن کے شدید دباو کی وجہ سے کیا تھا۔ دوسری جانب ایک صیہونی اخبار نے لکھا کہ یائیر لپیڈ نے صیہونی کابینہ کے وزیر انصاف “یاریو لیون” کے ایک واٹس ایپ پیغام کی تصویر حاصل کی ہے۔ جس میں وزیر انصاف دائیں بازو کے حامیوں کو کہہ رہا ہے کہ وہ اس بل کو منظور کروانے کے لئے پوری کوشش کرے گا۔ یاریو لیون عدالتی سسٹم میں بنیادی تبدیلیاں کرنے والے مرکزی کردار کے طور پر جانا جاتا ہے۔