سیاسیات-برطانیہ کے شاہ چارلس نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو ونڈسر اسٹیٹ میں واقع شاہی خاندان کا گھر فروگمور کاٹیج خالی کرنے کا کہہ دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کے ترجمان نے اس خبر کی تصدیق کی ہے جبکہ بکنگھم پیلس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
فروگمور کاٹیج کا استعمال 2018 میں مرحوم ملکہ الزبتھ دوم کی طرف سے ایک شادی کا تحفہ تھا۔
امریکا میں مقیم شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کے ترجمان نے بتایا کہ ’جوڑے کو فروگمور کاٹیج میں اپنی رہائش گاہ خالی کرنے کی درخواست کی گئی ہے‘۔
شاہ چارلس شہزاہ ہیری کی متنازع کتاب سامنے آنے پر ناراض ہیں، رواں سال مئی میں شہزادہ چارلس کی تاجپوشی کے بعد جوڑے کو فروگمور کاٹیج خالی کرنا ہوگا تاہم ابھی تک ہیری اور میگھن مارکل کو شاہ چارلس کی تاج پوشی میں مدعو کرنے کی اطلاعات بھی سامنے نہیں آئیں۔
شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کو چھوڑ کر 2020 سے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔
جس کے بعد سے شاہی خاندان اور شاہی جوڑے کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔
حال ہی میں شہزادہ ہیری نے اپنی سوانح حیات شائع کی، اس کتاب کو دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کیا گیا جس میں ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے تھے۔
کتاب میں ایک جگہ شہزادہ ہیری نے دعویٰ کیا کہ 2019 میں ان کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے ان پر جسمانی حملہ کرکے فرش پر گرا دیا تھا۔
ایک اور جگہ انہوں نے لکھا کہ جس وقت ان کی والدہ شہزادی ڈیانا کا انتقال ہوا تو وہ یہ سمجھے تھے کہ انہوں نے مشکلات سے تنگ آکر موت کا ڈرامہ کیا ہے۔