سیاسیات- فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور ان کے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے درمیان پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینیئر امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ بھارتی دارالخلافہ دہلی میں ہونے والے جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر سائیڈ لائن میں دونوں رہنماؤں کے درمیان 10 منٹ تک بات چیت ہوئی۔
اپنی بریفنگ کے دوران انٹونی بلنکن نے بتایا کہ ملاقات کے دوران میں نے روسی وزیر خارجہ سے وہی کہا جو گزشتہ ہفتے ہم نے اور دیگر کئی لوگوں نے اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران کہا تھا یا جو کچھ جی 20 سمٹ میں شریک وزرائے خارجہ ان سے کہہ رہے ہیں کہ یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کریں کیوں بامقصد سفارتکاری کے ذریعے ہی دیرپا امن کا قیام ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران روسی وزیر خارجہ پر زور دیا ہے کہ وہ نیو اسٹارٹ ٹریٹی کو بحال کریں کیونکہ معاہدے کو منسوخ کرنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تصدیق کی تاہم ملاقات کے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
دوسری جانب بھارت میں جاری جی 20 سمٹ کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے یوکرین معاملے پر حمایت حاصل کرنے کیلئے مختلف سفارتکاروں سے بھی ملاقاتیں کی۔
اس سے قبل روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کی جانب سے نیوٹرل ممالک پر روس کی مذمت کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مغرب کی جانب سے ہر معاملے میں ہر ایک کو گھسیٹنے کی کوششیں کی جاری ہیں۔
یاد رہے کہ آخری مرتبہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جنوری 2022 میں جنیوا میں ملاقات ہوئی تھی۔