نومبر 23, 2024

یوکرین پر حملے کو ایک سال مکمل، روس پر نئی پابندیاں عائد

سیاسیات-امریکہ نے روس کے یوکرین پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر روس پر نئی پابندیوں اور یوکرین کے لیے مزید فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال سے اب تک روس یوکرین جنگ میں 42 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ 56 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ 15 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کا پہلا سال مکمل ہونے پر امریکا کی جانب سے تازہ ترین پابندیوں میں روس اور دنیا بھر میں اس کے 100 سے زیادہ اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے والے ادارے اور بینک بھی شامل ہیں۔

یہ پابندیاں امریکی صدر جو بائیڈن کے کیف کے اچانک دورے کے چار دن بعد لگائی گئی ہیں، جہاں انہوں نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق روس پر عائد نئی پابندیوں کا مقصد ماسکو کی جنگ لڑنے کی صلاحیت کو کمزورکرنا ہے ۔

علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ  یوکرین اور ہمسایہ ملک مالدووا کو  مزید 55 کروڑ ڈالرز امداد دی جائے گی۔

اس کے علاوہ امریکی حکومت یوکرین کو نئے ڈرون سسٹم، ہائی موبلٹی راکٹ سسٹم، توپ خانے کے نظام کے لیے گولہ بارود اور کمیونیکیشن گیئر فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکہ نے چین پر الزام لگایا تھا کہ وہ  روس کو جنگی ہتھیار فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے،چین نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

seventeen − 9 =