اپریل 5, 2025

پی ایس ایل 8: کراچی کنگز کی پہلی فتح، ملتان نے اسلام آباد کو ہرا دیا

سیاسیات- ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچ میں کراچی کنگز کو اتبدائی تین میچز میں مسلسل شکستوں کے بعد بالآخر چوتھے میچ میں پہلی کامیابی مل گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح کراچی کی ٹیم 67 رنز  سے میچ جیت گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے مرزا طاہر بیگ کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کراچی کنگز کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، مرزا طاہر بیگ 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کامران غلام نے 23 اور سکندر رضا نے 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔

کراچی کنگز کی جانب سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر یامین اور بین کٹنگ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز میتھیو ویڈ اور جیمز ونس نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 70 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، میتھیو ویڈ 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حیدر علی نے 18 اور شعیب ملک نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔

جیمز ونس 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بین کٹنگ 20 رنز بنا سکے، عماد وسیم نے 19 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی، زمان خان، حارث رؤف اور لیام ڈاؤسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم آج اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھی جبکہ کراچی کنگز کا یہ چوتھا میچ تھا۔

لاہور کی ٹیم نے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کو شکست دی تھی جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی تین میچز میں شکست کھا گئی تھی۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز  نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز کے 191  رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم 18 ویں اوور میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں اسے 52 رنز سے شکست ہوئی۔

ملتان  میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ  کے کپتان شاداب خان  نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز  کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز  نے   پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر  190 رنزبنائے ، ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 3 ، رائیلی روسو 36،  ڈیوڈ ملر  52 ، اور محمد رضوان  50 رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کیرون پولارڈ 32 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس، وسیم جونیئر، شاداب خان اور ٹام کرن  نے  ایک ایک وکٹ لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

ملتان کے 191 رنز کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور پالز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد حسن نواز 22 اور کولن منرو 31 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

کپتان شاداب خان بھی ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، اعظم خان 16 رنز پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد اسلام آباد کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور صرف رسی وین ڈر ڈوسن 49 رنزبنا کر نمایاں رہے۔

یونائیٹڈ کی ٹیم 18 ویں اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 جبکہ اسامہ میر، احسان اللہ اور محمد الیاس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔

عباس آفریدی کو شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد کی گئی گفتگو میں  اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کم سے کم اسکورپر آؤٹ کریں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

17 + 20 =