دسمبر 27, 2024

صدر مملکت سیاست میں خفیہ ایجنسیوں کے کردار کا نوٹس لیں۔ تحریک انصاف کا مطالبہ

سیاسیات-پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  نے صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ کر  مطالبہ کیا ہےکہ وہ خفیہ ایجنسیوں اور مقتدرہ کے سیاست میں کردارکا نوٹس لیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے لکھا گیا خط ایوان صدر  پہنچایا، خط میں پی ٹی آئی کورکمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے 29 جنوری کے اجلاس کی متفقہ قرار داد بھی بھجوائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ انتخابات کی تاریخ کے تعین سے متعلق گورنر خیبرپختونخوا کی گفتگو کا متن بھی خط کے ساتھ بھجوایا گیا ہے،گورنر خیبر پختونخوا کی گفتگو کا متن  اسد عمر کی جانب سے فراہم کیا گیا۔

خط میں عمران خان نے لکھا ہےکہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اور  پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس 29 جنوری کو  ہوا جس میں متفقہ قرار داد منظور کی گئی، قرار داد کے ذریعے آپ سے بطور صدر خفیہ ایجنسیوں اور مقتدرہ کے سیاست میں کردار کا نوٹس لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ گورنر خیبرپختونخوا کا 27 جنوری کا بیان اس کی مثال ہے، گورنرکا موقف ہےکہ وہ صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابات کی تاریخ کا تعین نہیں کرسکتا، گورنر کے مطابق یہ کام انٹیلیجنس ایجنسیز اور  اسٹیبلشمنٹ کو کرنا ہے، قرار داد میں  آپ کی توجہ اغوا اور جھوٹے پرچوں کے اندراج کی جانب بھی مبذول کرائی گئی ہے، قرارداد میں قائدین اورکارکنان کو دی جانے والی دھمکیوں اور زیرحراست تشدد کا معاملہ  بھی اٹھایا گیا ہے۔

عمران خان کی جانب سے خط میں کہا گیا ہےکہ قرار داد بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے آپ سے موثر اقدامات کی سفارش کرتی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

13 − twelve =