سیاسیات- وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو درپیش قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام قومی و سیاسی قائدین کو ایک میز پر لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سات فروری کو ’کل جماعتی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں ملک کے تمام قومی و سیاسی قائدین کو کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔
ان کے مطابق ان سیاسی قائدین میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی شامل ہیں جنہیں دعوت دی گئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک سے بھی رابطے کیے ہیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق ایاز صادق نے اپنے پیغام میں اسد قیصر اور پرویز خٹک سے کہا ہے کہ ’دہشت گردی کے خلاف ایپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شریک ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔‘