سیاسیات- دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدسہ کی نئی کابینہ کی حلف برداری کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں نمائندہ قائد و مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدسہ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ بشارت حسین زاہدی نے اپنی نئی 14 رکنی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔

اس پروقارتقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حجۃ الاسلام حسن حسرت نے حاصل کی۔ بعد ازاں سید سلطان مجتبی حسینی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تقریب کو آگے بڑھایا۔

تقریب میں مجلس عاملہ کے علاوہ مجلسِ نظارت کے معزز علمائے کرام نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدسہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا اظہار کرتے ہوئے دینی، ملی اور تنظیمی امور میں ہر ممکن معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب میں مجلسِ نظارت کے سیکرٹری حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر منیر حسین عسکری اور نمائندہ قائد و مدیر دفتر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ بشارت حسین زاہدی نے مختصر خطاب کیا جس میں انہوں نے تنظیمی امور پر روشنی ڈالتے ہوئے کابینہ کے اراکین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بعد ازاں دفتر کے شعبہ زائرین کی سبکدوش ہونے والی رضا کار ٹیم کے 27 اراکین کو اعزازی شیلڈ دی گئیں جنہوں نے دو سال اپنی مخلصانہ خدمات پیش کیں۔

آخرمیں دعائے امام زمانہ علیہ السلام کے ساتھ اس بابرکت اور پُروقار تقریب کا اختتام ہوا۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








