سیاسیات- دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم المقدسہ کی جانب سے درس خارج دینے والے پاکستانی اساتذہ کرام کے لئے ایک تجلیلی نشست کا اہتمام کیا گیا۔

نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد دبیر مجلس نظارت حجت الاسلام والمسلمین علامہ منیر حسین عسکری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ العلم نور۔۔۔۔۔۔۔۔ معصومین فرماتے ہیں علم نور ہے اللہ جس کے دل میں چاہتا ہے ڈال دیتا ہے۔ علم کی بہت سی تعریفیں کی گئی ہیں لیکن وجہ مشترک سب میں یہی ہے کہ جو چیز پہلے معلوم نہ ہو پھر معلوم ہو جائے اسے علم کہتے ہیں۔ مفکرین نے علم کی دو اقسام بیان کی ہیں علم خدادادی اور علم اکتسابی، علم خدادادی یعنی انبیاء و ائمہ علیھم السلام کا علم جبکہ اکتسابی وہ علم جو کسب کیا گیا ہو یہ علم بھی نور ہو سکتا ہے بشرطیکہ انبیاء و ائمہ معصومین کے فرامین کی روشنی میں حاصل کیا گیا ہو

آخر میں انہوں نے اساتذہ کرام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج حوزہ علمیہ قم میں ایسے پاکستانی اساتذہ کرام موجود ہیں جو درس خارج کی تدریس میں مشغول ہیں۔

نمائندہ قائد ملت جعفریہ پاکستان اور مدیر دفتر حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ بشارت حسین زاہدی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید علی نقوی مدظلہ العالی کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا کہ سرزمین مقدس قم میں ان اساتذہ کرام کی موجودگی ایک طرف سعادت و خوشبختی کا باعث ہے جبکہ دوسری طرف پیغمبرانہ مشن کی ادائیگی میں اضافے کا باعث بھی ہے۔

حوزہ علمیہ قم کے جن اساتذہ کرام کی تجلیل کی گئی ان میں آیت اللہ محمد باقر مقدسی، آیت اللہ سید شجاع حسین حسینی، آیت اللہ قاضی کاظم حسین اور آیت اللہ عباس صادقی شامل تھے۔
پروگرام کے آخر میں ان اساتذہ کرام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لوح تقدیر پیش کیا گیا۔
پروگرام میں حوزہ علمیہ قم کے علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaAOn2QFXUuXepco722Q














