سیاسیات۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 سے پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، وہ صرف زائرین گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی عراق جا سکیں گے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے یہ اعلان پیر کو تہران میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کی مشترکہ کانفرنس کے موقع پر کیا۔
کانفرنس میں تینوں ملکوں نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام پر اتفاق کیا او زائرین کی سہولت کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یکم جنوری 2026 کے بعد صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جا سکیں گے جنہیں عراقی سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا۔ صرف زائرین گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی عراق جا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر آرگنائزر گروپ عراق جانے والے زائرین کی وطن واپسی کا بھی ذمے دار ہو گا۔ گروپ آرگنائزرز کے سسٹم سے غیر قانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کے رجحان کا خاتمہ ہو گا۔
وزیر داخلہ نے جنگ میں شاندار فتح پر ایران اور ایرانی وزیر داخلہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور ایران کے حق دفاع کی مکمل حمایت کی۔ جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام نے جنگ میں انتہائی متحرک و مثبت کردار ادا کیا۔ وہ جو کر سکتے تھے انہوں نے وہ بہترین کردار ایران کے لیے ادا کیا۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔