سیاسیات- نیویارک کی میئرشپ کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے کہا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں گرفتار کرنے، ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
ایک بیان میں ظہران ممدانی نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس لیے ان پر حملے کر رہے ہیں کیونکہ وہ محنت کش مڈل کلاس کے خلاف صدارتی اقدامات سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں لیکن اس کا مقابلہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ انہیں گرفتار کرنے، ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ میں کام کرنے والے لوگوں کی حقوق کی بات کروں، ان لوگوں کی بات کروں جنہیں مہنگائی کے باعث نیویارک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس سے اب وہ منحرف ہو رہے ہیں ، اس لیے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے ان پر حملے کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ظہران ممدانی نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے روکا تو انتظامیہ انہیں گرفتار کرے گی جب کہ انہوں نے ممدانی کی حمایت کرنے والوں کو پاگل قرار دیا تھا۔