سیاسیات۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم، اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی سے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں مجموعی ملکی سیاسی صورتحال اور قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں میں اتفاق رائے پایا گیا کہ اتحاد امت اسلامی ہی عالم اسلام کے مسائل کا حل ہے۔ سیاست میں متحرک کردار کے بغیر قومی مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے پاراچنار کے راستے کھلوانے میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی دہشتگردوں کے سامنے بے بسی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ صوبائی حکومت کی ضلع کرم میں کہیں رٹ نظر نہیں آرہی۔
سید منیر گیلانی نے فاٹا اضلاع کو خیبر پختونخواہ صوبے میں شامل کرنے کے پارلیمانی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بنیادی شہری حقوق کا تحفظ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے مگر گزشتہ پانچ ماہ سے پاراچنار کے راستے کھلوائے نہیں جا سکے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اداروں میں موجود چند کالی بھیڑوں نے پارا چنار کو غزہ بنا دیا ہے جبکہ قومی سیاسی جماعتوں کی پاراچنار کے عوام سے لاتعلقی اور بے حسی قابل مذمت بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے ابھی تک نہیں کھلوائے جا سکے، عوام کو رمضان المبارک میں کھانے پینے کے اشیاء پٹرول دستیاب نہیں اور وہ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے اسلامی تحریک پاکستان کی سیاسی سرگرمیوں، گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے مختلف جماعتوں سے رابطوں پر سابق انچارج سیاسی سیل تحریک جعفریہ کو آگاہ کیا اور مشاورت کی۔ سید منیر حسین گیلانی نے اپنی خود نوشت سیاسی بیداری علامہ عارف واحدی کو پیش کی۔ جس پر انہوں نے اس ادبی تاریخی کاوش پر سابق وفاقی وزیر کی خدمات کو سراہا۔ اور زور دیا کہ قومی پلیٹ فارم کی تاریخ پر مزید لکھا جانا چاہیے۔