سیاسیات- ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹرگوہر اور علی امین گنڈاپور سے پشاور میں بات چیت سکیورٹی صورت حال پر ہوئی، دونوں رہنماؤں سے بات چیت انسداد دہشت گردی کے معاملات کے تناظر میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بیرسٹرگوہر نے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی، بیرسٹرگوہرکو جواباً بتادیا گیا کہ سیاسی معاملات پربات چیت آپ سیاست دانوں سے کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بات چیت کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور سکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دینےکی کوشش کی گئی۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے پشاور میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔
اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ ’آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے، اگر کوئی بات چیت شروع ہوئی ہے تو یہ خوش آئند ہے یہ پاکستان کے لیے اچھا ہے، ہم چاہ رہے تھے مذاکرات ہوں، اس میں پاکستان کے استحکام کی بات ہوگی‘۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ’اسٹیبلشمنٹ کو ہم سے بات کرنی چاہیے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ مذاکرات بند ہیں، ہمیشہ بات چیت کا کہا، دوسری طرف سے دروازے بند تھے، اب اگر بات چیت شروع ہوئی ہے تو پاکستان کے ہی استحکام کے لیے بات ہوگی‘۔
بیرسٹر گوہر کی بھی تصدیق
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری اور علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف سے ملاقات علیحدگی میں ہوئی، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات رکھے ہیں، اپنے تمام مسائل آرمی چیف کے سامنے رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے تمام امور پر بات چیت ہوئی، ملاقات میں دوسری طرف سے بھی مثبت جواب ملا ہے، اسٹیبشلمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں، امید ہے اب صورت حال بہتر ہوجائے گی۔
واضح رہےکہ چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ روز آرمی چیف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔
اس سے قبل گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا تھا کہ آرمی چیف سے ہماری میٹنگ میں بیرسٹرگوہر موجود تھے، دن دیہاڑے میٹنگ میں موجودگی پر یہ کیسےکہہ سکتے ہیں کہ میں نہیں تھا۔