سیاسیات۔ بلوچستان حکومت نے حال ہی میں ضلع خضدار میں ہونے والے ایک حملے میں مسلح شدت پسندوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر 15 لیویز اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے برطرف کر دیا۔
آٹھ جنوری کوضلع خضدار میں حکام نے بتایا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے کچھ سرکاری اور نجی املاک کو نذر آتش کر دیا تھا جن میں ایک لیویز تھانہ بھی شامل تھا، تاہم ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق درجنوں ’بلوچ علیحدگی پسند‘ علاقے میں داخل ہوئے اور کئی گھنٹوں تک زہری بازار پر قبضہ کیے رکھا، سرکاری املاک کو آگ لگا دی اور ایک نجی بینک سے سات لاکھ 68,000 روپے لوٹ لیے۔
اس حملے کی فوٹیج میں مسلح افراد کو کھلے عام سڑکوں پر گھومتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔
بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے مسلح افراد سے علاقے کا کنٹرول چھڑا لیا اور اس کارروائی میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔