سیاسیات۔ اسرائیل نے پہلی بار عوامی سطح پر حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کا اعتراف کر لیا۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم حوثی رہنماؤں کے ساتھ بھی وہی کریں گے جو ہم نے اسماعیل ہنیہ، یحییٰ السنوار اور حسن نصراللہ کے ساتھ کیا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ حوثیوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے حماس اور حزب اللہ کو شکست دی، ایران کے دفاعی اور پیداواری نظام کو نقصان پہنچایا اور شام میں بشار الاسد کی حکومت کو گرا دیا ہے۔
کاٹز نے مزید کہا کہ اب ہم حوثیوں کے اسٹریٹجک انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو اس سال جولائی میں اس وقت شہید کیا گیا تھا جب وہ ایران میں صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری کے لیے تہران گئے تھے مگر اسرائیل نے اس حملے کا باقائدہ اعتراف نہیں کیا تھا۔