سیاسیات- یمنی حوثی ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ شب بحیرہ احمر میں تباہ ہونے والا امریکی ایف 18 طیارہ حوثی حملے کے نتیجے میں تباہ ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق یمنی افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یمنی افواج نے گزشتہ رات یمن پر امریکی و برطانوی حملہ ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں نے جوابی حملے میں 8 کروز میزائلوں اور 17 ڈرونز کے ذریعے بحیرہ احمر میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ہیری ٹرومین کو نشانہ بنایا۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں ایک امریکی ایف 18 تباہ ہوا جبکہ دیگر حملہ آور طیارے یمنی فضائی حدود سے نکل کر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے دفاع پر مجبور ہوئے۔
ترجمان مطابق اس حملے کے بعد یو ایس ایس ہیری ٹرومین بھی بحیرہ احمر میں اپنی پوزیشن تبدیل کرنے پر مجبور ہوا۔
اس سے قبل امریکی فوج کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ امریکی بحریہ نے غلطی سے بحیرہ احمر پر اپنا ہی طیارہ مار گرایا جبکہ طیارے کے دونوں پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایف اے 18ہارنیٹ طیارہ بحیرہ احمر میں امریکی جہازکے قریب سےگزر رہا تھا کہ میزائل کروزر گیٹس برگ نے میزائل مار کر طیارہ گرادیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ غلطی سےگرائے گئے امریکی طیارےکا ایک پائلٹ معمولی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ اپنے ہی طیارے کو مار گرانے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔