سیاسیات- ترک وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اگر نئی شامی انتظامیہ کی جانب سے درخواست کی جاتی ہے تو ترکی شامی فوجیوں کو عسکری تربیت دینے کے لیے تیار ہے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزیر دفاع یاسر گلر نے کہا ہے کہ شام کی نئی انتظامیہ کو حکومت کرنے کا موقع دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد نئی انتظامیہ نے اپنے پہلے بیان میں اعلان کیا کہ وہ تمام حکومتی اداروں، اقوام متحدہ، اور دیگر عالمی تنظیموں کا احترام کرے گی۔
ترک وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ نئی انتظامیہ کیا اقدامات کرتی ہے اور انہیں ایک موقع دینا چاہیے۔
ترک وزیر دفاع سے پوچھا گیا کہ کیا ترکی نئی شامی حکومت کے ساتھ عسکری تعاون پر غور کر رہا ہے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ترکی پہلے ہی کئی ممالک کے ساتھ عسکری تعاون اور تربیت کے معاہدے کر چکا ہے۔