سیاسیات- وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانافضل الرحمان نے وزیراعظم کو مدارس رجسٹریشن بل پر تحفظات سےآگاہ کیا جس پر شہباز شریف نے بل پر تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومت متفقہ بل کو متنازع بنانے سے گریز کرے ، مدارس کی آزادی،حریت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
دوسری جانب جے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ صدر آصدف زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل کو مسترد کرکے طبل جنگ بجا دیا ، بل مسترد کرنا پارلیمنٹ جمہوریت اور آئین کے چہرے پر زوردار طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل مسترد کرنے کے ذمہ دار صدر کے ساتھ ساتھ شہباز شریف اور بلاول بھی ہیں ۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے مدارس رجسٹریشن کا بل اعتراض لگاکر واپس بھجوادیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ حکومت نے 7 دسمبر تک مدارس بل پر دستخط نہ کیے تو 8 دسمبر کو پشاور میں آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔