سیاسیات۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے خودکش ڈرونز کی بڑے پیمانے پر تیاری کا حکم دے دیا۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کم جونگ اُن نے ملک کے اَن مینڈ ایریئل ٹیکنالوجی کمپلیکس کی جانب سے تیار کردہ مختلف اقسام کے خودکش ڈرونز کے ٹیسٹ کا معائنہ کیا۔
یہ خودکش ڈرونز عملی طور پر ایک گائیڈڈ میزائل کی طرح کام کرتے ہوئے زمین اور سمندر میں موجود اہداف کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
کم جونگ ان نے جدید دور کی جنگوں میں ڈرونز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جلد از جلد اور بڑے پیمانے پر ڈورنز کی پیداوار کا حکم دیا۔
نسبتاً کم خرچ میں ٹینکوں اور دیگر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے باعث ڈرونز جنگوں میں ایک اہم ہتھیار سمجھے جانے لگے ہیں۔ یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگوں میں بھی ان کا بڑے پیمانے پر استعمال دیکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کی درمیان جاری جنگ میں شمالی کوریا نے اپنے 10 ہزار فوجی روس کی جانب سے لڑنے کے لیے یوکرین بھیجے ہیں جس کی تصدیق نیٹو، امریکہ، یوکرین اور جنوبی کوریا نے بھی کی ہے۔