سیاسیات- یمن سے میزائل اسرائیلی فضا میں داخل ہونے پر دارالحکومت تل ابیب پر خوف کے سائے منڈلانے لگے اور سائرن بجنا شروع ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سائرن بجنے کے بعد لوگ پناہ کےلیے شیلٹرز میں بھاگے جس کے سبب ٹریفک رک گیا، بہت سے لوگ سڑک کنارے لیٹ گئے۔
متعدد اسرائیلی دفاعی میزائلوں سے یمنی میزائل تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
دوسری جانب امریکہ سمیت متعدد اتحادیوں کے جنگ بندی کے مطالبات مسترد کرکے اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں، جبکہ حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں فضائی یونٹ کے سربراہ محمد حسین سرور کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی حملوں سے شہید افراد کی تعداد 700 سے زیادہ ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ امریکہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اسرائیل سے گفت و شنید کے بعد جنگ بندی پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ لبنان اور اسرائیل میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے امریکہ اور فرانس کی جانب سے 21 روزہ جنگ بندی کی تجویز سامنے آئی تھی جس کی دیگر ممالک نے بھی حمایت کی تھی۔
خبر کے مطابق یورپی یونین، آسٹریلیا، کینڈا، اٹلی، جرمنی، جاپان، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر نے بھی فرانس اور امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی مشترکہ جنگ بندی تجویز کی حمایت کی تھی تاہم اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی۔