سیاسیات- امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اسرائیل پر ایرانی حملے کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیلی دفاعی سسٹم آئرن ڈوم ایرانی جدید ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت سے عاری ہے۔ مذکورہ اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے پاس بھی ہزاروں مارٹر گولے، راکٹ اور میزائل موجود ہیں جو کسی بھی وقت اسرائیل پر داغے جاسکتے ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل نے سرخی لگائی ہے کہ “کیوں اسرائیل کو ایرانی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے آئرن ڈوم سے پیشرفتہ سسٹم کی ضرورت ہے؟” اس سوال کے جواب میں اس امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ تل ابیب کو ایران اور اس کے اتحادیوں کے منظم حملے کا انتظار ہے جو کہ اسرائیلی دفاعی نظام کے لئے بڑی آزمائش ہوگی۔ اس اخبار نے مزید لکھا ہے کہ مقاومتی محاذ کے ڈرون طیارے نچلی سطح پر پرواز کرتے ہوئے صیہونی ریڈار سسٹم کی نظروں سے بچ کر ہدف کو نشانہ بناسکتے ہیں۔