ستمبر 15, 2024

عراق میں تین پاکستانیوں کو سزائے موت

سیاسیات۔ عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق وہاں کی رسافہ سنٹرل کورٹ عدالت کے تین رکنی ججوں پر مشتمل بینچ نے پاکستانیوں عمر فاروق، حیدر علی اور شعیب اختر کو دو الگ الگ مقدمات میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔ تاہم اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کا حق حاصل ہے۔

سفارت خانے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالتی کارروائی کے دوران پاکستانی سفارت خانے کا عملہ شریک ہوا تھا اور اس کارروائی کے دوران تینوں ملزمان نے اقرار جرم کرلیا تھا۔ سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق عراق کی پولیس نے ان سے پاکستانیوں کی تصدیق چند ماہ قبل کروائی تھی۔

تاہم شعیب اختر کے والد محمد اختر کا دعویٰ ہے کہ ان کے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور عدالتی کاروائی کے دوران ان کو صفائی کا موقع نہیں دیا گیا۔

عدالت کے فیصلے میں کیا کہا گیا ہے؟

عراقی عدالت نے عمر فاروق، حیدر علی اور شعیب اختر کو انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت سزائے موت سناتے ہوئے شعیب اختر کو ’دہشت گرد گروپ بنانے، شکایت کندہ شہاب کاظم حسن پر فائرنگ اور اس کی دوکان لوٹنے کے جرم‘ میں سزا سنائی۔

فیصلے میں ایک اور مقدمہ کا ذکر کرتے ہوئے عدالت نے قرار دیا ہے کہ ’ملزم کو آفسیر ہیمن کریم احمد کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت دی جاتی ہے۔‘

عدالتی فیصلے میں مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہیں تاہم عراقی میڈیا میں ایک واقعے کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا کہ ایک پاکستانی شہری نے مبینہ طور پر ہجوم میں عراقی شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پیڑولنگ پر موجود ایک افسر ہیمن کریم احمد ہلاک ہوگیا۔

فیصلے کے مطابق ملزمان 31 جولائی کو سنائے جانے والے فیصلے کے 30 دن کے اندر وفاقی عدالت میں فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق 519 پاکستانی عراق کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

میڈیا کو عراق کے شہر ٖغداد میں موجود ایک پاکستانی تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گذشتہ چند سال میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے عراق کا رخ کیا۔

ان کے مطابق اکثریت ایسے پاکستانیوں کی ہے جو ’کم پڑھے لکھے مگر ہنر مند ہیں، میکنک، الیکڑیشن، جنریٹر میکنک، گاڑیوں کے مستری، راج مستری اور دیہاڑی پر کام کرنے والے۔‘

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 × five =