ستمبر 28, 2024

نئے حماس سربراہ کا فیصلہ کب اور کیسے ہوگا؟

سیاسیات- مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اب تک نئے چیف کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی شوریٰ کونسل ہر چار سال بعد حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کیلئے الیکشن کرواتی ہے، 2021 میں کروائے گئے انتخابات میں اسماعیل ہنیہ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ منتخب ہوئے تھے۔

حماس کی شوریٰ کونسل میں غزہ، مغربی کنارے، بیرون ملک مقیم اراکین اور اسرائیلی قید میں موجود اسیران شامل ہوتے ہیں، انتخابات کے ذریعے ہی ان چاروں ونگز کے سربراہان کا انتخاب بھی ہوتا ہے۔

اس وقت یحییٰ سنوار غزہ ونگ، زہیر جبارین مغربی کنارے کے ونگ، خالد مشعل بیرون ملک اور سلامہ کتاوی جیل ونگ کے حماس کے رہنما ہیں، حماس کا سیاسی دفتر ان تمام ونگز کی نگرانی کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ اس دفتر کے سربراہ تھے۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اب تک نئے سربراہ کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ جیو نیوز سے گفتگو میں ایران اور پاکستان میں حماس کے نمائندے ڈاکٹر خالد القدومی نے بتایاکہ ہم منظم جماعت ہیں اور شوریٰ کا اجلاس ہوتا ہے، شوریٰ کے صدر ابھی معاملات چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ابھی خون تازہ ہے گزشتہ روز ہی اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ کو دفنایا ہے، شوریٰ کی میٹنگ کال ہوگی اور آئین کے مطابق فیصلہ ہوگا‘۔

خیال رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو تہران میں اس وقت شہید کیا گیا جب وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف میں شرکت کیلئے ایران کے دارالحکومت میں موجود تھے۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو فلسطین کی تحریک آزادی کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا خود پر فرض قرار دے دیا ہے جبکہ اسرائیل نے تاحال اسماعیل ہنیہ کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 × three =