سیاسیات- امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کل دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے لیے تہران کے گیسٹ ہاؤس میں مہینوں پہلے بم نصب کیا گیا تھا۔ اب سپاہ پاسداران سے وابستہ نیوز ویب سائٹ فارس نیوز نے اس دعوے کو بے بنیاد اور سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایران کے دو اہم عہدیداروں سمیت مشرق وسطیٰ کے 7 عہدیداروں اور امریکی سرکاری اہلکاروں کے مطابق اسماعیل ہنیہ کو دھماکا خیز ڈیوائس کے ذریعے شہید کیا گیا جو تہران کے گیسٹ ہاؤس میں نصب کی گئی تھی۔
مشرق وسطیٰ کے عہدیداروں نے دعوی کیا تھا کہ گیسٹ ہاؤس کے اندر بم دو ماہ قبل ہی چھپا دیا گیا تھا، تہران کے شمالی علاقے میں قائم نشاط کے نام سے اس گیسٹ ہاؤس کا انتظام پاسداران انقلاب کے پاس ہے جو ایک بڑے کمپاؤنڈ پر مشتمل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسماعیل ہنیہ کو نئے صدر کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے بعد قتل کرنے کے لیے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم کو اس وقت اڑا دیا گیا جب ان کی گیسٹ ہاؤس کے اندر موجودگی کی تصدیق کی گئی۔
واضح رہے کہ اس حملے میں اسماعیل ہنیہ کا گارڈ بھی شہید ہوگیا تھا۔
نیویارک ٹائمز نے تصویر کے ساتھ دعویٰ کیا کہ ایرانی ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکے سے عمارت لرز اٹھی، چند کھڑکیاں ٹوٹیں اور بیرونی دیوار بھی جزوی طور پر گر گئی۔ اب فارس نیوز نے اس دعوے کو بے بنیاد اور سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔