سیاسیات- پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی سے وزیراعلیٰ پر اعتماد کا ووٹ لینے جا رہے ہیں اور اجلاس کی تاریخ طے کریں گے۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سربراہی میں پنجاب کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور دیگر شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مشاورت کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ ہم پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے جا رہے ہیں اور ایک وفد وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی سے ملاقات کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں ہم طے کریں گے کہ اسمبلی کا اجلاس کس تاریخ کو طلب کیا جائے اور وزیراعلیٰ پر اعتماد کے لیے ووٹنگ کی جائے تاکہ اسمبلیوں کی تحلیل ممکن بنائی جاسکے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کے تمام 177 اراکین چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ق) کے اپنے 10 اراکین ہیں اور اس حساب سے ہمارے پاس اسپیکر کےعلاوہ 187 اراکین موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام اراکین چوہدری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دیں گے اور الیکشن کی تاریخ ہائی کورٹ کے فیصلے سے بہت پہلے ہوگا، ہم تاخیر نہیں کرنا چاہتے اور فوری طور پر اعتماد کے ووٹ کے لیے جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے بعد وزیراعلیٰ نے جس طرح ہمارے ساتھ وعدہ کیا تھا وہ اسمبلی توڑنے کے لیے تیار ہیں اور ہم اسمبلی کی تحلیل کی طرف جائیں گے۔