سیاسیات- امریکی رپبلکن رہنما اور ناکام صدارتی امیدوار نمریتا (نکی) ہیلی نے اسرائیل کے دورے میں غزہ پر حملوں میں استعمال ہونے والے اسرائیلی راکٹ پر ان کا خاتمہ کر دو ہاتھ سے تحریر کیا، جس کے بعد ان کو سوشل میڈیا سمیت دیگر حلقوں میں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اسرائیل کے سابق اقوام متحدہ کے نمائندے اور سیاست دان ڈینی ڈینن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں 52 سالہ سابق امریکی صدارتی امیدوار نکی ہیلی کو راکٹ پر پیغام لکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی سابق سفیر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ’ان کا خاتمہ کردو۔ یہ میری دوست سابق سفیر نکی ہیلی نے لکھا ہے۔‘
امریکی سیاست دان اپنے اسرائیل کے دورے میں لبنان کے ساتھ بارڈر پر ڈینی ڈینن کے ہمراہ گئیں اور اسرائیل کی حمایت کا اعلان کیا۔
نکی ہیلی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں سخت گیر امریکی سفیر رہ چکی ہیں اور ڈینن کے ساتھ کام بھی کر چکی ہیں۔ وہ 2028 میں امریکہ میں صدارتی امیدوار بننے کی خواہاں ہیں۔
دوسری جانب ایکس اکاونٹ ٹیم نکی ہیلی نے قریب سے اس راکٹ پر لکھا ہوا پیغام بھی دکھایا۔
نکی ہیلی کا یہ دورہ اور راکٹ پر پیغام ایسے وقت میں آیا جب اسرائیل نہ صرف 36 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل کر چکا ہے جبکہ رفح کے پناہ گزین کیمپوں پر وحشیانہ حملے بھی کر رہا ہے۔
اس پیغام کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نکی ہیلی پر تنقید شروع ہوگئی۔