سیاسیات- ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ آزاد فلسطین ریاست کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں امن کا واحد راستہ ہے۔ اس لیے آج ہم باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک الگ ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان گزشتہ ہفتے ناروے اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ کیا تھا تاہم پارلیمنٹ سے اس کی منظوری لینا باقی تھا۔
اسپین نے حکومتی سطح پر فلسطین کو ایک الگ اور آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی منظوری دیدی جس کا اعلان وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔
وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا نہ صرف تاریخی انصاف کا معاملہ ہے بلکہ اسپین سمیت دیگر یورپی ممالک کے اس اقدام سے مشرق وسطیٰ میں امن کو فروغ ملے گا۔
ہسپانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کا واحد راستہ ایک فلسطینی ریاست کا قیام ہے جو اسرائیلی ریاست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو۔
یاد رہے کہ اسپین، ناروے، آئرلینڈ کے فلسطین کو تسلیم کرنے کے بعد اب بیلجیئم نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔