سیاسیات- ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں جہاں 275 پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی تعینات ہے۔
الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ ملتان نے اس حلقے میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام انتظامات کیے ہیں۔
یہ نشست سید یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ضمنی انتخاب میں مقابلہ سابق وزیراعظم کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بیرسٹر تیمور ملک کے درمیان مقابلہ ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے ضمنی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
رواں سال آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں یوسف گیلانی نے اس سیٹ سے صرف 293 ووٹ کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔