دسمبر 30, 2024

9 مئی: حکومت کا یوم سیاہ، پی ٹی آئی کا یوم احتجاج

سیاسیات- پاک آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ نو مئی 2023 کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

جمعرات کو پاک آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ مسلح افواج پاکستان نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) اور مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ مل کر نو مئی 2023 (یوم سیاہ) پر مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہماری قومی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک پر سیاسی طور پر متحرک اور برین واش شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا اور ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کو نقصان پہنچایا۔‘

بیان میں نو مئی کے واقعات کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ’یہ ملک میں ایک غلط اور تنگ نظر تبدیلی لانے کی ایک بیکار کوشش تھی۔

’پاکستان کی مسلح افواج نے اس جان بوجھ کر اور بے دردی سے منظم تشدد کے دوران انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا جو عوام اور مسلح افواج کے درمیان محاذ آرائی کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ’قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہتے ہوئے اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل آوروں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد بیانیے کو اپنے فائدے کے لیے موڑنا اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنا تھا۔

’یہی وجہ ہے کہ نو مئی کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی انہیں ملک کے قانون کو دھوکہ دینے کی اجازت دی جائے گی۔‘

بیان کے مطابق: ’نو مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی اس طرح کے غیر ضروری طرز عمل کے ذریعے ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آج افواج پاکستان پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کر رہی ہیں۔ ہمارے شہدا اور ان کے اہل خانہ پاکستان کا فخر ہیں۔‘

بیان کے مطابق: ’افواج پاکستان ہر قیمت پر ان کے وقار اور احترام کو برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستان کے عوام کے ساتھ بہت خاص تعلق ہے۔ آئیں آج مل کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی سختی سے مذمت کریں اور وطن عزیز کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔ پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔‘

نو مئی: حکومت کا ’یوم سیاہ‘، پی ٹی آئی کا یوم احتجاج اور وکلا کی ہڑتال

پاکستان میں آج نو مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کا ایک سال پورا ہونے پر وفاقی حکومت نے اس دن کو ’یوم سیاہ‘ قرار دیا ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس روز یوم احتجاج منا رہی ہے۔

دوسری جانب عدالتوں کی منتقلی کے معاملے پر پاکستان میں وکلا کی سب سے بڑی تنظیم پاکستان بار کونسل نے آج ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

نو مئی 2023 کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پر تشدد واقعات ہوئے تھے، جن کے دوران فوجی تنصیبات اور نجی و قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

ان واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 100 سے زائد کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے اور بیشتر اب بھی ان کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس وقت کی حکومت، پنجاب پولیس اور پاکستانی فوج کے ترجمان نے ان واقعات کا ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور قیادت کو ٹھہرایا تھا، تاہم پی ٹی آئی کی قیادت نے ان لزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیق کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

12 + eighteen =