سیاسیات-اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بے گھر ہونے والا طباطیبی خاندان رمضان کے پہلے جمعے کی رات وسطی غزہ میں مل کر کھانے کے لیے جمع ہوا لیکن یہ منظر جلد ہی خونریزی میں بدل گیا۔
زندہ بچ جانے والوں نے ہفتے کو فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ فضائی حملہ اس عمارت پر ہوا جہاں وہ رہ رہے تھے۔ خواتین سحری بنا رہی تھیں۔ حملے میں ایک ہی خاندان کے 36 افراد شہید ہو گئے۔
19 سالہ محمد الطباطیبی نے، جن کا بایاں ہاتھ حملے میں زخمی ہوا، دیر البلاح کے الاقصی شہدا ہسپتال میں روتے ہوئے بتایا: ’یہ میری والدہ ہیں، یہ میرے والد ہیں، یہ میری خالہ ہیں، اور یہ میرے بھائی ہیں۔
’انہوں نے گھر پر اس وقت بمباری کی جب ہم وہاں تھے۔ میری ماں اور خالہ سحری بنا رہی تھیں۔ وہ سب شہید ہو گئے۔‘