سیاسیات- عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد آج رات پاکستان پہنچے گا، وفد اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت اگلی قسط جاری کرنے کے لیے مذاکرات کرےگا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات 14 سے 18 مارچ تک ہوں گے، مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنےکا فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن کے دورےکے دوران نئے قرض پروگرام کے بارے میں بات چیت بھی متوقع ہے۔
اس حوالے سے وزیر خزانہ اورنگزیب کی صدارت میں وزارت خزانہ میں اجلاس ہوا جس میں آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ مذاکرات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہےکہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے، باتیں نہیں کام کرنا ہے، تمام توانائیاں پاکستان کو مشکلات سے نکالنےکے لیے استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال 2024 ایک مشکل سال ہوگا لیکن جلد تمام مسائل پر گفتگو کےلیے میڈیا کے ساتھ بیٹھیں گے، اپنی تمام ترتوانائیاں پاکستان کو درپیش مشکلات کے حل کےلیے استعمال کروں گا، اب باتیں زیادہ ہورہی ہیں لیکن اب ایکشن کا وقت آگیا ہے۔