سیاسیات- ایران میں پارلیمانی اور ماہرین کونسل کے انتخابات میں اصول پسند امیدواروں نے اکثریت حاصل کرلی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یکم مارچ کو لاکھوں لوگوں نے 290 قانون سازوں اور ماہرین کی اسمبلی کے 88 ارکان کو منتخب کرنے کے لیے ووٹ ڈالے تھے، اسلامی مشاورتی اسمبلی کی نشست حاصل کرنے کے لیے 15 ہزار سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں۔
انہیں 4 سال کی مدت کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، جب کہ اسمبلی میں ایران کی مذہبی اقلیتوں کے لیے 5 نشستیں رکھی گئی ہیں۔
ایران کی 8 کروڑ 50 لاکھ آبادی میں سے 6 کروڑ ایک لاکھ سے زائد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں تاہم سرکاری اعدادوشمار ابھی تک جاری نہیں کیے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تہران میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ تقریباً 50 فیصد رہا، جبکہ مجموعی طور پر ملک میں الیکشن کے دوران ووٹر ٹرن آؤٹ 40 فیصد سے زیادہ رہا۔