سیاسیات- فلسطین کے شہر جینن میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شہر جینن میں شمال مغربی کنارے پر قائم پناہ گزینوں کے کیمپ پر چھاپہ مارا۔
فلسطین کی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق جمعرات کی صبح بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجیوں نے پناہ گزینوں کے کیمپ پر دھاوا بوالا، جس کی وجہ سے مقامی باشندوں کے ساتھ پرتشدد تصادم شروع ہو گیا اور صیہونی فورسز نے فائرنگ کر کے 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے باعث 10 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 216 ہو گئی ہے۔