سیاسیات-امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ یمن میں حوثیوں کے مستقبل سے متعلق اہم خفیہ پیغام ایران کو بھی پہنچا دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حوثیوں نے اپنے ساتھیوں کی امریکی حملوں میں مارے جانے پر سخت ردعمل کی دھمکی دی تھی۔
یہ معاملہ تب شروع ہوا جب بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے کیے گئے تھے جس کے جواب میں امریکہ نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ حملے میں 5 حوثی جنگجو شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
ایران پر حوثیوں کی پشت پناہی اور اسلحہ کی فراہمی کا الزام لگتا آیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صدر جوبائیڈن نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے کا ذمہ دار حوثیوں کو ٹھہراتے ہوئے ایران کو ایک نجی پیغام بھیجا ہے۔
ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکہ کو یمن کے ساتھ جنگ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن حوثیوں کو روکنا ہوگا۔ کسی بھی کارروائی سے قبل فریقین سے بات چیت سمیت تمام ممکنہ راستے اپنائیں گے۔