اکتوبر 25, 2024

غزہ بمباری سے حمایت کھونے پر جوبائیڈن کا نیتن یاہو کو کابینہ تبدیل کرنے کا مشورہ

سیاسیات-امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کردیا ہے کہ غزہ پر بلاتفریق بمباری کے باعث اسرائیل اپنی حمایت کھونے لگا ہے۔

اپنی انتخابی مہم کیلئے چندہ جمع کرنے کی ایک تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی سخت گیر حکومت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنے بیان میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کےقدامت پرست سیاست دانوں خاص طور پر اسرائیلی نیشنل سکیورٹی کے وزیر اتمار بن گویر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت اسرائیل کی تاریخ کی سب سے قدامت پرست حکومت ہے، نیتن یاہو کو اپنی حکومت میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ حکومت اسرائیل کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک موقع ہے کہ ہم خطے کو متحد کر سکیں اور ایسا کرنا بھی چاہتے ہیں لیکن بیبی (عرف نیتن یاہو) کو بھی سمجھنا ہوگا کہ اس موقعے کو مستحکم کرنے کیلئے اسے بھی کچھ اقدامات کرنا ہوں گے اور وہ عالمی دباؤ کے بعد مستقبل میں فلسطینی ریاست کے قیام سے انکار نہیں کرسکتے کیونکہ یہ بہت مشکل ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر کا بیان غزہ میں اسرائیل کی بے رحمانہ بمباری کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کی شہادتوں پر بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ اورغزہ میں بلاتفریق اسرائیلی بمباری پر امریکی تحفظات میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر اپنے نیشنل سکیورٹی ایڈوائیزر جیک سلیوان کے اسرائیلی دورے اور وہاں کی  جنگی کابینہ سے ملاقات سے قبل دیا ہے جبکہ بدھ کے روز نیتن یاہو کہہ رہے تھے کہ حماس کو تباہ کرنے اور یرغمالیوں کی بازیابی تک انہیں  امریکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

اس سے قبل امریکی ترجمان جیک سلیوان نے کہا تھا کہ وہ اپنے اسرائیلی دورے پر اسرائیلی حکام سے غزہ میں جاری جنگ سے متعلق ان کی ترتیب کاری (ٹائم ٹیبل) پر گفتگو کریں گے کہ وہ اس جنگ کی ترتیب کاری کو کس طرح دیکھ رہے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل کیلئے اپنی مضبوط حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کر چکے ہیں تاہم ان کی ٹیم کی جانب سے اس یکطرفہ حمایت اور غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر تحفظات کا اظہار سامنے آتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں اب تک 18 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 49 ہزار سے زائد زخمی ہیں، اس کے علاوہ صیہونی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے پر کارروائیوں میں 278 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four × 5 =