جنوری 15, 2025

پی ٹی آئی کا نیا چیئرمین کون ہوگا ؟ انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے

سیاسیات-پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے، بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے، بانی اراکین نے موجودہ سیٹ اپ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آبزرورز کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں یہاں انٹرا پارٹی الیکشن کے طریقۂ کار، ووٹر لسٹ اور کاغذات نامزدگی کی معلومات لینے آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد نیک نیتی پر مبنی تھا، ہمارے ساتھیوں کی خواہش تھی کہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لیں اور اپنا کردار ادا کریں، بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک پارٹی جو ملک میں جمہوریت کے حصول کا دعویٰ کرتی ہے وہ اپنے کارکنان پر بھروسہ کرنے کیلیے تیار نہیں ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ مشاہدے کے لیے اپنے افسران کو تعینات کرے اور اس سارے عمل کی نگرانی کرے، معلوم کرے کہ اس انٹرا پارٹی الیکشن میں کتنی حقیقت ہے اور کتنا افسانہ ہے؟ کیونکہ یہ تاریخ کے پہلے الیکشن ہیں جس میں ووٹرز موجود ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ووٹرز اور ووٹنگ کے بغیر کس طرح سے الیکشن ہوتے ہیں؟ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر پہنچنے پر اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنماؤں نے استقبال کیا جبکہ مرکزی لیڈرشپ میں کوئی بھی پی ٹی آئی آفس میں موجود نہیں تھا۔ پارٹی قائدین کی عدم موجودگی اور کوئی جواب نہ دینے پر اکبر ایس بابر پی ٹی آئی سیکریٹیریٹ سے واپس چلے گئے۔

پولنگ کب اور کہاں ہوگی؟ 

دوسری جانب کمشنر پشاور نے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا جس میں اُن سے پوچھا گیا ہے کہ پولنگ کب اور کہاں ہوگی؟ مراسلے میں سوال کیا گیا ہے کہ پولنگ اسٹاف، الیکشن کا مقام اور گاڑیوں کی تعداد کتنی ہوگی؟

کمشنر پشاور نے اپنے خط میں لکھا کہ پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر بتائیں تاکہ اُسی حساب سے پُرامن ووٹنگ کیلیے سیکیورٹی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔

اُدھر کمشنر نے چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جواب نہ آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک اور خط بھی ارسال کردیا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

9 + 20 =