سیاسیات- سینٹرل لندن میں لاکھوں شہری غزہ پر اسرائیلی حملوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
لندن پولیس کے مطابق پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد فوجی ایکشن میں ہلاک افراد کی یاد میں منائے جانے والے سالانہ یادگاری دن آرمسٹائس ڈے (Armistice day Commemoration) کے موقع پر فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کم از کم 3 لاکھ افراد شریک ہوئے۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران مظاہرین غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کو فوری روکنے کیلئے ’بمباری بند کرو‘، ’اسی وقت جنگ بندی کرو‘ کے نعرے لگاتے رہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے فلسطین کے حق میں لاکھوں شہریوں کے احتجاجی مظاہرے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے اس مظاہرے کی محل وقوع کو ’توہین آمیز‘ قرار دیدیا۔
سینٹرل لندن میں ’نیشنل مارچ فار فلسطین‘ کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد ہونے والے اس مارچ میں شرکت کی ہے اور یہ برطانوی حکومت اور ان لوگوں کیلئے واضح پیغام ہے جو پولیس کے ذریعے اس مارچ کو رکوانے کی کوشش کر رہے تھے۔
لندن میں ہونے والے اس مظاہرے میں برطانوی لیبر پارٹی کے سابق سربراہ جریمی کوربن اور اسلنگٹن سے رکن پارلیمنٹ نے بھی حصہ لیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب لندن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم سونک کا کہنا تھا کہ آرمسٹائس ڈے کے موقع پر فلسطین کے حق میں ہونے والی ریلی روکنے میں ناکامی پر میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر سے جواب طلب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ادھر فلسطین کے حق میں ہونے والی ریلی کے دوران پولیس کی جانب سے نقص امن کے الزام میں کم ازم کم 82 لوگوں کو کو حراست میں لیا گیا گرفتار افراد فلطسین کے حق میں ہونے والی ریلی کے مخالفت میں مظاہرہ کر رہے تھے۔
پہلی جنگ عظیم کی یادگار سینٹوف پر فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے مخالف مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئی اور وہ ’ہم اپنا ملک واپس لینا چاہتے ہیں‘ کے نعرے لگاتے رہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار مظاہرین کی تحویل سے خنجر، ڈنڈوں اور کلاس اے منشیات سمیت دیگر چیزیں بھی برآمد ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حق میں ہونے والا مظاہرہ ہماری لیے اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ تھا جس میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔
مارچ فار فلسطین کے مخالف مظاہرین کی پولیس سے جھڑپوں پر ردعمل دیتے ہوئے لندن کے میئر صادق خان کا کہنا تھا کہ یہ ناخوشگوار واقعات وزیر داخلہ سویلا بریورمین کے بیانات کے بعد پیش آئے جنہوں نے پولیس کا کام اور مشکل بنا دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نفرت پھیلانے والے یا کسی قانونی خلاف ورزی کا مرتکب شخص کے خلاف کارروائی کرنے کیلئلے میٹروپولیٹن پولیس کو میری مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
یاد رہے کہ آرمسٹائس کا لفظ پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے معاہدہ اور امن مذاکرات کے شروعات کیلئے استعمال ہوتا ہے، آرمسٹائس ڈے اسی دن کی یادگار کے طور پر ہر سال 11 نومبر کو منایا جاتا ہے اور اور اس روزیعنی 11 ویں مہینے کی 11 تاریخ کو 11 ویں گھنٹے میں پورے برطانیہ میں پہلی جنگ عظیم کے دوران فوجی ایکشن میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔