سیاسیات-قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل انجری نے گھیر لیا۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری کے باعث پلئینگ الیون میں شمولیت کے امکانات کم ہیں۔
فاسٹ بولر نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران پسلی میں تکلیف کی وجہ سے میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے، میچ کے اختتام پر حارث کے مقامی اسپتال میں ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران فاسٹ بولر دوسرے مہنگے ترین بالر ثابت ہوئے تھے انہوں نے 10 اوورز میں 85 رنز لٹائے تھے۔
اس سے قبل شاداب خان جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کے دوران کنکش کا شکار ہوئے تھے جبکہ انکی بھی انگلینڈ کے خلاف میچ میں شرکت غیر یقینی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات تاحال موجود ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر قومی ٹیم کا پانچواں نمبر ہے تاہم سیمی فائنل میں جانے کے لیے گرین شرٹس ایک فتح کی دوری پر ہیں۔
پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے یہ دعا کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ میں سری لنکا کو فتح ملے، اگر کیویز جیتے تو پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔