اکتوبر 18, 2024

اوستہ محمد، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے اوستہ محمد کا دورہ کیا۔ انہوں نے اوستہ محمد میں قائم امدادی کیمپس کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ یونیسیف کی جانب سے قائم کردہ کیمپ میں یو این کے سیکرٹری جنرل، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ دی گئی۔ انتظامیہ نے بھی انہیں بریفنگ دی۔ جس میں کہا گیا کہ اس سال معمول سے زیادہ بارش ہونے کے باعث 15 لاکھ افراد سیلاب کے باعث بے گھر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ متاثرین کو ریلیف کی فراہمی جاری ہے۔ جبکہ بیماریوں سے نمٹنے کیلئے میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔

سیلاب سے تباہ شدہ پلوں کی دوبارہ تعمیر کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض پلوں کے منہدم ہونے سے بلوچستان اور سندھ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ جسکے بعد ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کو ریسکیو سروسز اور امدادی سامان فراہم کی جارہی ہے۔ بریفنگ میں انتظامیہ نے بتایا کہ بلوچستان کے 5 اضلاع اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ جبکہ صوبے کا وسیع رقبہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ متاثرین اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں، جبکہ بے گھر ہونے والوں کو انکے گھروں میں دوبارہ منتقل کرنے کیلئے خاطر خواہ رقم کی ضرورت ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

19 − two =