سیاسیات- فیفا ورلڈکپ کے کل کے میچز میں ایران نے ویلز, سینیگال نے قطر کو شکست دی جبکہ نیدر لینڈ ایکواڈور اور امریکہ و انگلینڈ کے میچز برابر رہے ۔
احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ایران اور ویلز کی ٹیموں نے دونوں ہاف میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، مقررہ وقت کے بعد اضافی وقت میں ایران کی ٹیم نے دو گول داغ دیئے۔
ایران کی جانب سے 98 ویں منٹ میں روزبا چشمی اور 101 منٹ میں رامن رضایان نے گول اسکور کیے، ایونٹ میں ویلز کے خلاف کامیابی کے ساتھ ہی ایران نے فیفا ورلڈکپ 2022 میں پہلی کامیابی سمیٹ لی ہے۔
الثماما اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سینیگال نے قطر کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔
سینیگال کی جانب سے بُولایے ڈیا نے پہلے ہاف کے 41 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جس کو دوسرے ہاف کے 48 ویں منٹ میں فامارا ڈائڈہیو نے دُگنا کر دیا۔
قطر کے محمد منتاری نے 78 ویں منٹ میں گول اسکور کر کے برتری کو کم کیا لیکن 84 ویں منٹ میں بامبا ڈیئنگ نے تیسرا گول اسکور کر کے فتح کو یقینی بنا دیا۔
نیدرلینڈز اور اِیکواڈور کے درمیان میچ 1-1 گول سے جبکہ امریکہ و انگلینڈ کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہے.