سیاسیات- فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مبینہ طور پر آرمی چیف کی فیملی کے ٹیکس ریٹرن لیک میں ملوث گریڈ 18 کے دو افسران کو عہدوں سے ہٹا کر تحقیقات شروع کردیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی فیملی کی ٹیکس ریٹرن لیک ہونے کیلئے لاگ ان آئی ڈی اور پاس ورڈ کے استعمال کے مبینہ شبے میں جن دو افسروں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں انہیں فوری طور پر آر ٹی او سے تبدیل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ریجنل ٹیکس آفس لاہور کے گریڈ اٹھارہ کے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو عاطف نواز وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو ظہور احمد کو تبدیل کرکے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے ایڈمن پول بھجوادیا ہے اور ان افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم(ایچ آر ایم ایس) یا اپنا آئی جے پی لاگن استعمال کرتے ہوئے اپنے عہدوں کا چارج چھوڑ کر ایف بی آر ہیڈ کوارٹر ایڈمن پول رپورٹ کریں۔
گریڈ انیس اور بیس کے مزید چھ افسران کے تبادلے
دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان کسٹمز سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ اُنیس اور بیس کے مزید چھ افسر تبدیل کردیئے ہیں جبکہ گریڈ سولہ کے دو انسپکٹرز بھی تبدیل کردییے گئے ہیں۔ جن میں ایک کسٹمز انسپیکٹر جبکہ دوسرا ان لینڈ ریونیو انسپکٹر ہے۔
ایف بی آر نے افسران کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ بیس کے چار اور گریڈ انیس کے دو افسران کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔
تبدیل کئے جانے والے گریڈ بیس کے افسران میں سید شکیل شاہ کو چیف ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل(او پی ایس)ڈائریکٹریٹ جنرل آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمز تعینات کردیا گیا ہے جبکہ گریڈ اکیس کے افسر محمد عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹریٹ جنرل آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمزکی دیکھ بھال کا اضافی چارج لے واپس لے لیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ بیس کے افسرچوہدری محمد جاوید کو کلیکٹر کسٹمز(اپیلز) کراچی سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (کسٹمز)کوئٹہ، فیاض رسول کو ڈائریکٹر ویلیو ایشن(کسٹمز)کراچی کے ساتھ ساتھ کلیکٹر کلکٹریٹ کسٹمز(اپیلز) کراچی کا بھی اضافی چارج دیدیا گیا ہے جبکہ منیب سرور کو ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (کسٹمز) پشاور سے تبدیل کرکے لاہور بھجوادیا گیا ہے تاہم انہیں ابھی کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ انیس کے افسر نوید اقبال کو ڈائریکٹر اینٹلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (کسٹمز)کوئٹہ سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (کسٹمز)پشاور جبکہ مس حلیمہ قاسم کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ویلیو ایشن (کسٹمز)کراچی سے تبدیل کرکے سیکرٹری ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد تعینات کردیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ سولہ کے انسپکٹر سید مومن حسین کو کلکٹریٹ کسٹمز ایڈجوڈیکیشن ٹو کراچی سے تبدیل کرکے کلکٹریٹ کسٹمز حیدر آباد اور ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ سولہ کے افسر لیاقت علی کو کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور سے تبدیل کرکے آر ٹی او ساہیوال تعینات کردیا گیا ہے۔