جنوری 13, 2025

عدم تعاون کے باعث نئی دلی میں افغان سفارتخانہ بند

سیاسیات-افغانستان نے بھارت کے عدم تعاون کے باعث نئی دلی میں واقع افغان سفارتخانے کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

افغان سفارتخانے کی جانب سے بھارتی وزارت داخلہ کو خط لکھتے ہوئے  نئی دلی میں سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر افغان ایمبیسی انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں یکم اکتوبر سے نئی دلی میں سفارتخانے کی تمام سرگرمیاں بند کرنے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار بھی کیا گیا۔

خط میں سفارتخانے کی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ عملے کی قلت، وسائل کی کمی اور بھارتی حکومت کے عدم تعاون کو قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ بھارتی حکومت کے عدم تعاون کے باعث سفارتی مشن مؤثر طریقے سے چلانے میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ عملے اور وسائل کی قلت کی وجہ سے  سفارتی آپریشن جاری رکھنا چیلنج بن گیا تھا۔

افغان سفارتخانے کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت افغانستان کے مفادات کے لیے خدمات کی توقعات پوری کرنےمیں مکمل طور پر ناکام رہا۔

خط میں سفارتخانے کو بند کرنے کی ایک وجہ کابل میں ایک آئینی  طور پر کام کرنے والی حکومت کی عدم موجودگی کے پیش نظر  افغانستان کے مفادات کو نظر انداز کرنا بھی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے پر کنٹرول کے لیے طالبان کے نامزد کردہ اور سابق افغان صدر اشرف غنی حکومت کے مقرر کردہ سفیر کے مابین رسہ کشی چل رہی تھی۔

اس سے قبل رائٹرز کی رپورٹ میں سفارتخانے کے 3  اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھاکہ سفیر اور دیگر سینئر سفارت کاروں نے حالیہ مہینوں میں بھارت  چھوڑ کر  یورپ اور امریکا میں سیاسی پناہ حاصل کر لی، بیان میں بتایا گیاکہ بھارت نگران کے طور پر سفارتخانے کا کنٹرول سنبھال لے گا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 + five =