سیاسیات- صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی شہریوں کو بغیر ویزے کے امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ اسرائیل کو ایک ایسے خصوصی کلب میں شامل کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس میں وہ ممالک شامل ہیں جنھیں ویزے کے بغیر امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔
اسرائیل کو آئندہ ہفتے تک امریکہ کے ’’ویزا ویور پروگرام‘‘ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے اور یہ وزیر خارجہ انٹونی کے حکم پر عمل لایا جائے گا جن سے اسرائیلی وزیر خارجہ نے درخواست کی تھی۔
امریکہ کے ویزہ ویور پروگرام میں 40 کے قریب زیادہ تر یورپی اور ایشیائی ملکوں کے شہریوں کو بغیر ویزے 3 ماہ کے لیے امریکہ آنے کی اجازت ہے اور اب اسرائیلی شہریوں کو بھی امریکہ کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں 5 امریکی اعلٰی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل کو ویزا ویور پوگرام میں شامل کرنے کا اعلان جمعرات تک متوقع ہے۔
یہ توقع بھی ظاہر کی جاری ہے کہ امریکی وزیر خارجہ آئندہ روز اسرائیل کو ویزا ویور پروگرام کا حصہ بنانے کی سفارش صدر جوبائیڈن کو پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اسرائیل کا اہم اتحادی ہونے کی حیثیت سے گزشتہ چند برسوں میں کئی عرب ممالک کے سفارتی تعلقات اسرائیل کے ساتھ بحال کروائے ہیں اور اب سعودیہ سے معاہدے کے لیے بھی ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔