سیاسیات-آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے منہ سے فتح چھیننے والے گلین میکسویل نے تاریخ رقم کردی۔
ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گلین میکسویل کی 201 رنز کی جارحانہ اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے، وہ آسٹریلیا کی جانب سے ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بھی بن چکے ہیں۔
ون ڈے فارمیٹ میں اب تک 11 ڈبل سنچریاں اسکور ہوچکی ہیں لیکن میکسویل کی ڈبل سنچری گزشتہ تمام ڈبل سنچریوں سے منفرد اس لیے ہے کہ انہوں نے ہدف کے تعاقب میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
علاوہ ازیں میکسویل پہلے نان اوپنر بیٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کی، اس سے قبل تمام ڈبل سنچریاں اوپنرز نے بنائی تھیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیمی فائنل کا ٹکٹ بھی کنفرم کرلیا ہے جبکہ چوتھی ٹیم کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان محاذ آرائی جاری ہے۔