سیاسیات۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی اور چیمپئنز ٹرافی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارت نے پاکستن کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تمام شرائط مان لیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہائبرڈ ماڈل کی منظوری سے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان اور دبئی میں ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ کا ان آفیشل اجلاس ہوا جس میں آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی اور اس ضمن میں پاکستان اور بھارت میں اصولی معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم بھارت نہیں جائے گی اور پاک بھارت لیگ میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق پاکستان کو کوئی زرتلافی نہیں ملے گا۔
پاکستان 2027 کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جبکہ 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچز کا معاملہ بعد طے ہو گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تحریری طور پر معاہدہ نہیں ہوا اور ابھی صرف اصولی معاہدہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے متعلق حتمی فیصلہ کل ہوجائے گا، 3 سال کے فیوژن ماڈل کو کل آئی سی سی سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق فیوژن فارمولے کےتحت پاکستان 5 میچز کے لیے دبئی، بنگلادیش اورسری لنکا سے بات کررہا ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے دبئی کو وینیو قرار دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئمز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تجاویز کو تسلیم کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میچز کی پاکستان سے منتقلی پر آئی سی سی نے پاکستان کو ازالے کی پیشکش کی تھی تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس میں اضافی معاوضے کی بات نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاک بھارت کرکٹ بورڈز میں مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں تمام معاملات کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی ہے،کل تک تمام اسٹیک ہولڈرز کی منظوری کے بعد باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔
آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر تبادلہ خیال جاری ہے اور معاملات طے ہوتے ہی پریس ریلیز سے اعلان کردیا جائے گا، آئندہ 24 گھنٹوں میں ساری بات سامنے آجائے گی۔