سیاسیات- پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی سمیت تمام کمیٹیاں اور ایسوسی ایشنز ختم کر دی گئی ہیں ، لیکن جس کے جو بھی معاہدے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔
منیجمنٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پہلا اجلاس ہمارا آج ہوا،کل دوبارہ اجلاس ہو گا،ایجنڈا بہت طویل تھا،پوری کوشش ہو گی کہ جلد پشاور کرکٹ لے کر جائیں،اب ہم کوئٹہ بھی لے کر جائیں گے سب سے بات ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا پی ایس ایل 8 کے میچز کوئٹہ میں بھی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں،ایک ڈیڑھ ماہ میں کام مکمل کریں گے جس کے بعد پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے میچز بگٹی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کپ مکمل ہو گا،باقی ڈومیسٹک کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں لیکن سب معاہدے مکمل کیے جائیں گے کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اب ہم نے نیا ڈومیسٹک کرکٹ کا نظام بنانا ہے، تمام ایسوسی ایشنز اور ریجنز ختم ہو گئی ہیں ان کا وجود نہیں، سلیکشن کمیٹی فارغ کر دی گئی، کل ہم سلیکشن کمیٹی پر دوبارہ بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلری اسٹرکچر کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، میں پرسوں کراچی جا رہا ہوں پی جے ایل اور ویمن لیگز اہم ایشوز ہیں، فرنچائز کے تحفظات ہیں ان سے بات کریں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ خواتین کو ہمیں سپورٹ کرنا ہے ،ویمن کرکٹ کو مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا اور پاکستان ویمن لیگ پر ضرور کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے حوالے سے ہوم ورک کریں گے، آٹھ دس روز میں ڈرافٹ بنا لیں گے جبکہ پاکستان ٹیم کے موجودہ کوچز کے حوالے سے کل فیصلہ کریں گے۔