سیاسیات- آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں جہاں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی نے شایقین اور کرکٹ ایکسپرٹس کو حیران کیا وہاں “ڈسپلن” کے معاملے میں بھی حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔
امریکہ کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ سے قبل قومی ٹیم ڈیلس پہنچی تو یکم جون کو کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شام چھ سے رات 10 بجے کے دوران اسلامک سینٹر کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔
اگلے ہی روز شام پانچ سے 10 بجے کے دوران کپتان بابر اعظم، شاہین آفریدی، مینیجر وہاب ریاض، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو “ نائٹ ود اسٹار “ پروگرام میں شرکت کرنا تھی، البتہ دو وجوہات کے سبب پروگرام منسوخ کرنا پڑا۔
ایک وجہ بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے درمیان معاوضے میں فرق کے باعث اختلافات بنی جبکہ دوسری وجہ شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی بیک وقت پروگرام میں شرکت پر رضامندی نہ ہونا تھی۔
2 جون کی ہی رات 11:30منٹ سے ایک بجے کے دوران پارٹیز کیلئے مشہور “ CAVALLI ریسٹورینٹ” میں قومی ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں عماد وسیم ، محمد عامر، حارث رؤف ، شاداب خان اور عثمان خان نے ایک پروگرام میں شرکت کی۔
اس پروگرام کے پروموٹر “ شکاری” کے مطابق اس پروگرام میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کو دو سے ڈھائی ہزار ڈالرز ادا کیے گئے اور آرگنائزر نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے آنے والوں سے 25 ڈالرز فی کس لیے۔
جب یہ بات پاکستانی میڈیا میں موضوع بحث بنی تو کھلاڑیوں نے پروموٹر شکاری سے کہا کہ اب بات پھیل گئی ہے، پروگرام باہر کے بجائے کسی کے گھر پر رکھا جائے، اگر چار کھلاڑیوں کو دو ہزار ڈالرز تک بھی مل گئے تو شاپنگ کے پیسے نکل جائیں گے۔
ڈیلس میں پاکستان ٹیم کو 6 جون کو امریکہ کے ساتھ صبح 10:30 منٹ پر میچ کھیلنا تھا، البتہ کھلاڑی دیر رات تک ہوٹل سے باہر دکھائی دیئے، قومی ٹیم کے ہمراہ دو مینیجرز تھے، البتہ کرفیو ٹائم کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں تھی۔
عینی شاہد کے مطابق امریکہ کے میچ سے ایک رات قبل تین کھلاڑی رات دو بجے تک ہوٹل سے باہر ریسٹورینٹ میں تھے، ڈیلس میں موجود پاکستانیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم ٹولیوں میں بٹی ہوئی تھی، پروموٹر “ شکاری” کے مطابق اسے ٹیم کے اہم کھلاڑی نے بتایا کہ ٹیم میں تین گروپس ہیں اور یہ کھلاڑی آپس میں گفتگو بھی نہیں کرتے۔
اس تمام صورتحال پر جب پی سی بی کے مینیجر منصور رانا سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ ڈیلس میں دو فنکشن کے علاوہ امریکہ میں کوئی پروگرام نہیں ہوا جہاں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
دوسری جانب انھوں نے بتایا اگر کھلاڑی رات ہوٹل سے باہر گئے تو انھوں نے مجھے اور سکیورٹی کو آگاہ کیا تھا، میڈیا مینیجر سے تمام صورتحال پر بورڈ کا مؤقف معلوم کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ڈیلس میں جن دو ایونٹس میں کھلاڑی گئے اس کی اجازت سینیئر مینیجر وہاب ریاض نے دی تھی۔
البتہ اس کے علاوہ تمام پروگرام منسوخ کر دیے گئے، اس سوال کے جواب میں کہ کھلاڑیوں کے لیے کوئی کرفیو ٹائم دیکھنے کو نہیں ملا، جواب ملا جو کھلاڑی بھی ہوٹل سے باہر گیا اس نے اجازت لی۔