سیاسیات- قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں دوبارہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی پاکستان انگلینڈ سیریز کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں ہوں گے اور وطن واپسی پر ان کے اسکین ہوں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کیلئےقومی اسکواڈ کیلئے مشاورت رواں ہفتے ہو گی۔
دوسری جانب فاسٹ بولر حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کریں گےجب کہ فاسٹ بولر محمد عباس کی بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت پر مشاورت زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپنر ابرار احمد کو بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کا ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعت کے لانگ مارچ اور احتجاج کی وجہ سے وینیوپر بھی مشاورت ہو گی، پی سی بی حکومتی ایڈوائس کے مطابق وینیو سے متعلق فیصلہ کرے گا،انگلینڈ کرکٹ بورڈ سکیورٹی ایکسپرٹ ریگ ڈیکاسن سے ہدایت لے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی جب کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچے گی