سیاسیات- پی سی بی نے سابق کپتان یونس خان اور سعید اجمل کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔
سعید اجمل کا پاکستان سینئر ٹیم کے ساتھ بطور اسپن بولنگ کوچ تقرر ہوسکتا ہے۔ یونس خان جونئیر کرکٹ ٹیم اور مختلف ایج گروپس ٹیموں کی ڈویلپمنٹ کے معاملات دیکھیں گے۔ پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کو ان عہدوں کی پیشکش کر رکھی ہے۔
یونس اور سعید اجمل کی جانب سے مشروط رضامندی ملنے کے بعد اب بال پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی کورٹ میں ہے، ان کی منظوری ملتے ہی یونس خان اور سعید اجمل کی تقرری کا باقاعدہ اعلان سامنے آئے گا۔
دونوں کرکٹرز پی سی بی کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ غیرملکی کوچز کی طرح ان کے پاس بھی مکمل اتھارٹی ہو۔ اچھا معاوضہ اور لانگ ٹرم کنٹریکٹ دیا جائے۔
یونس خان ماضی میں پاکستان سیینئر ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کرچکےہیں۔ سعید اجمل پاکستان سپرلیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ وابستہ رہےہیں، قومی ٹیم کے ساتھ وہ پہلی بار کام کریں گے۔ پی سی بی کی جانب سے تقرری کا اعلان جلد متوقع ہے۔